راہل گاندھی نے متاثرین سے ملاقات کی، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی
گجرات، 21؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راہل گاندھی نے آج ان دلت خاندانوں سے ملاقات کی جنہیں مبینہ طورپر ایک مردہ گائے کی کھال اتارنے کے لیے پیٹا گیا تھا۔راہل نے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔متاثرین کے ایک رشتہ دار کے مطابق، راہل گاندھی نے اہل خانہ کے ساتھ تقریباََ 40منٹ گزارا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات ہندوستان میں ہو رہے ہیں، اس سے وہ شرمندہ ہیں۔کانگریس لیڈر کماری شیلجہ اور گرداس کامت کے ساتھ یہاں آئے راہل نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ چائے بھی پی۔قابل ذکر ہے کہ 11؍جولائی کو گرسومناتھ ضلع کے او نا قصبے کے قریب سدور گاؤں میں مبینہ طور پر مردہ گائے کی کھال اتارنے کے لیے دلت نوجوانوں کی وحشیانہ طریقہ سے پٹائی کر دی گئی تھی۔متاثرین کے رشتہ دار جیتو سرویا نے راہل گاندھی کے جانے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم نے ان سے وہ سب کچھ بتایا جو میرے بھائی اور چچا کے ساتھ پیش آیا تھا۔انہوں نے ہماری باتیں بغور سنیں اور ہمیں ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی جس سے ہمیں انصاف مل سکے۔اس نے کہاکہ راہل جی نے شرمندگی کا اظہار کیا کہ اس ملک میں اس طرح کے واقعات اب بھی ہو رہے ہیں اور انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں رابطہ کرنے کے لیے اپنا ذاتی نمبر دیا۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی مرکز کے زیر انتظام علاقہ دیو کے پاس طیارے سے اترنے کے بعد بالوبھائی سرویا اور ان کے اہل خانہ سے ملے۔بالوبھائی سمیت ان کے خاندان کے 7 لوگوں کی پٹائی کی گئی تھی۔بھاؤنگر ضلع میں ایک کالج میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے جیتو نے کہاکہ انہوں نے ہم سے ہمارے مسائل اور ہمارے گاؤں میں کئے جا رہے امتیاز ی سلوک کے بارے میں سوالات پوچھے۔ہم نے انہیں بتایا کہ یہاں چھوت چھات کی روایت اب بھی موجود ہے کیونکہ ہمیں دوسروں سے دور رکھا جاتا ہے۔ہم نے ان سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سزا ملنی چاہیے اور زندگی بھر کے لیے جیل میں ڈالا جانا چاہیے ورنہ وہ دوبارہ یہ حرکت کسی اور کے ساتھ کریں گے۔اس نے کہاکہ ہم نے انہیں یہ بھی بتایا کہ جب گؤ کارکنان میرے بھائیوں کو پیٹ رہے تھے تو پولیس ہماری مدد کے لیے نہیں آئی۔مردہ گائے کی کھال اتارنے کے لیے وحشیانہ طریقے سے پیٹے جانے کے بعد ہمارے خاندان نے چمڑے کا دھندہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہم مزدوروں کی طرح کام کریں گے، لیکن اس روایتی پیشے میں نہیں آئیں گے۔جیتو نے کہاکہ ہم نے اپنے خاندان کی مالی حالت کا ذکر کرتے ہوئے اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے ان سے مالی مدد بھی مانگی تاکہ مستقبل میں ہمارے بچے اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔بعد میں راہل گاندھی راج کوٹ کے لیے روانہ ہو گئے جہاں پٹائی میں زخمی متاثرین کا علاج چل رہا ہے۔گجرات کانگریس کے ممبر اسمبلی شیلیش پرمار نے بعد میں کہاکہ راہل متاثرین کے اہل خانہ کو مدد کے طور پر 5لاکھ روپے دیں گے۔قابل ذکرہے کہ دلتوں پر حملے کے سلسلے میں ابھی تک 16افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے کے لیے 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔